پنجاب بھر میں پولیس کا کریک ڈاؤن، تحریک انصاف کے سیکڑوں کارکنان گرفتار

ویب ڈیسک  پير 31 اکتوبر 2016
بنگش روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا پولیس پر پتھراؤ، پولیس نے بھی آنسو گیس شیل فائر کئے۔ فوٹو: فائل

بنگش روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا پولیس پر پتھراؤ، پولیس نے بھی آنسو گیس شیل فائر کئے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد میں رہائشگاہ بنی گالہ کے اطراف پولیس، ایف سی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں گزشتہ روز جھڑپیں ہوتی رہیں وہیں پولیس نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں بنی گالا کے اطراف میں گزشتہ روز بھی پولیس، ایف سی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے 134 کارکنوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیا، کچھ افراد سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، کارکنوں نے قریبی جنگل میں آگ لگا دی جس پر قابو پالیا گیا، بنگش روڈ پر پتھراؤ کرنے والے پی ٹی آئی کے 50 کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ضیا اللہ بنگش کو پولیس نے بنی گالا جاتے ہوئے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری بنی گالہ پہنچیں توانھیں پولیس اہلکاروں نے روک دیا، تھوڑی بحث کے بعد شیریں مزاری کو آگے جانے دے دیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں چودھری سرور، عظمیٰ کاردار اور مسرت چیمہ نے بھی بنی گالہ جانے کی کوشش کی۔ تحریک انصاف کے رہنما اورصوبائی صدربلوچستان سردار یارمحمد رند بھی بنی گالا آئے مگرپولیس کے روکنے پر واپس چلے گئے۔ادھر اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن اور کورال نے سڑک بلاک کرنے کے الزام میں پی ٹی آئی کے 3 نامزد ملزمان سمیت 37 افراد کیخلاف 2 مقدمات درج کرلیے۔

ادھر شیخوپورہ کے مختلف علاقوںمیں چھاپے مار کر پی ٹی آئی کے رہنما پروفیسر وسیم باری سمیت 20 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ منڈی بہائو الدین میں سابق ایم اے عارف گوندل سمیت متعدد کارکن پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔حافظ آباد سے سابق ناظم ملک غلام حسین شارو سمیت پی ٹی آئی کے 3 کارکن پکڑے گئے۔ گوجرانوالہ میں سابق ایم این اے بلال اعجاز کے سیکریٹری سمیت 14 کارکن گرفتار کر لیے گئے۔ سابق صوبائی وزیر سہیل ظفر چیمہ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ گھر پر نہیں تھے۔ لاہور میں پولیس نے موہنی روڈ پر ق لیگ کے رہنما سینیٹرکامل علی آغا کے گھر چھاپہ مارا۔فیصل آباد میں جھنگ روڈ سے پی ٹی آئی رہنما چوہدری ثنا اللہ اور میاں افضال گرفتار ہوئے ہیں۔

فیصل آباد میں ہی تحریک انصاف کے ایم پی اے شیخ خرم شہزاد کے گھر پر بھی چھاپہ ماراگیا،ایک اور رہنما فرخ حبیب کے گھر چھاپہ مار کر ان کے بھائی اور کزن کو گرفتار کیا گیا، کارکنوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے موبائل فون بند کر دیے ہیں۔ اوکاڑہ سے پی ٹی آئی ایم پی شفقت عباس ربیرہ سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لے گیا۔ بھکر سے تحریک انصاف کے ڈاکٹر نثار سمیت 30 اور رحیم یار خان سے چار کارکن زیر حراست ہیں۔ ملتان سے سابق ایم پی اے شاہد خان اور مقامی رہنما ساجد نواز، غلام رسول اور ملک خالد پولیس کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔ ایم این اے عامر ڈوگر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا ، تاہم وہ فرار ہو گئے۔ خانیوال میں انصاف ہاؤس پر چھاپہ مار کر7، قصور سے 8 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملتان میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے جاوید اختر انصاری کو بھی گرفتارکر لیا گیا۔

لاہور پولیس نے رات گئے واپڈا ٹاؤن، اچھرہ، سمن آباد، وحدت کالونی، اقبال ٹائون، سبزہ زار، گڑھی شاہو، غازی آباد، ستوکتلہ، مسلم ٹائون، اقبال ٹائون، نواں کوٹ، اسلام پورہ، ساندہ،راوی روڈ، شاہدرہ، برکی، کاہنہ، رائے ونڈ، چوہنگ، مانگا منڈی، شادباغ،لاری اڈہ، بادامی باغ و شہر کے دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر یو سی 255 کے چیئرمین ملک سرور کے ڈیرے سے 15کارکنوں، مسلم لیگ (ق) کے سلیم چٹھہ و دیگر سیکڑوں کارکنان کو گرفتار کر لیا، پولیس کی بھاری نفری نے واپڈا ٹائون ویلنشیا میں چھاپہ مار کر معروف اداکار کاشف محمود کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا جنہیں 2 گھنٹے تک تھانے میں رکھ کر پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

پولیس کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور میں 470 سرگرم کارکنان کی فہرست متعلقہ تھانوں کو فراہم کی گئی، فہرست کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے 125، ق لیگ کے 38، تحریک انصاف کے 307 کارکنان شامل ہیں۔ ننکانہ سے این اے 135کے ٹکٹ ہولڈر ارشد ساہی کی قیادت میں 15کاروں کا قافلہ خفیہ راستوں سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچ گیا، این اے 137 سے بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کا قافلہ اسلام آباد کی طرف خفیہ راستوں سے رواں دواں ہے۔ خوشاب میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن تحصیل خوشاب کے صدر علی خان بلوچ اور دیگر دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا،پولیس نے ضلع خوشاب سے باہرجانے والے راستوں کو سیل کرنے کیلئے جابہ‘ پدھراڑ‘ منگوال اور جہلم برج پرکنٹینرپہنچادیے ہیں۔

بھاگٹانوالہ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار برائے چیئرمین ملک اختر نسوآنہ ،محمد یار، ذوالفقار کو حراست میں لے لیا۔سرگودھا میں 80 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر کے خفیہ مقامات پرمنتقل کر دیاگیا،50سے زائد کنٹینرز بھی قبضہ میں لے کر موٹروے اور مین شاہراہوں پر پہنچا دیے گئے۔تحریک انصاف تحصیل بھلوال کے سینئرنائب صدر حامد وڑائچ کو گرفتار کرلیا گیا۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب سے بھی قافلے اسلام آباد کیلیے روانہ ہو رہے ہیں،اسی دوران پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے اورمختلف مقامات پر کنٹینر لگادیے گئے ہیں۔ساہیوال میں بھی لسٹیں تیار ہیں، کسی بھی وقت کریک ڈائون شروع ہوسکتا ہے، ہارون آباد میں پولیس نے ناکے لگا لیے۔ تحریک انصاف کے مختلف علاقوں میں متعدد متحرک کارکن زیرزمین چلے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے سیکڑوں پی ٹی آئی کارکن اتوار کو مختلف راستوں سے اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہوگئے، موٹروے پر رکھے گئے کنٹینر ہٹانے کیلئے کرین اور دیگر ضروری مشینری بھی پہنچا دی گئی ہیں جبکہ صوابی موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب ہی ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس نے ڈنڈوں اور ق لیگ کے جھنڈوں سے بھرے ٹرک کو پکڑکر مونس الٰہی کیخلاف سنگین مقدمات درج کرلیے، پولیس نے ٹرک کے ساتھ 8 افرادکو بھی حراست میں لے لیا۔ گرفتارشدگان اور ڈرائیور نے بیان دیا ہے کہ سامان مونس الہی نے بھجوایا جو اسلام آباد کے علاقے ایف 8 میں چوہدری شجاعت حسین کے گھر پہنچانا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔