پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ سج گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 14 فروری 2019
انگلش بینڈ اور امریکن ریپ اسٹار ریپر پٹبل نے بھی شائقین کا لہو گرمایا (فوٹو : ٹویٹر)

انگلش بینڈ اور امریکن ریپ اسٹار ریپر پٹبل نے بھی شائقین کا لہو گرمایا (فوٹو : ٹویٹر)

 دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ سج گیا جس میں ملکی اورغیرملکی فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔

چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کے لیے بے تاب شائقین کرکٹ کا انتظارختم ہوا، پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1096095744669429760

پی ایس ایل سیزن فور کی افتتاحی تقریب میں جنون گروپ نے جنون کے سُر بکھیرے، آئمہ بیگ نے دلوں کے تار چھیڑے جب کہ فواد خان نے ایونٹ کا ٹائٹل سانگ گا کر رنگ جمایا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انہوں نے یو اے ای کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ دنیا کی بڑی لیگ میں سے ایک ہے۔

افتتاحی تقریب سےمتحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت یو اے ای میں پاکستان کرکٹ کو مکمل تعاون فراہم کرتی ہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1096107242942881792

واضح  رہے کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں 26 میچز جب کہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔