دنیا بھرمیں کشمیریوں نے بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منایا

ویب ڈیسک  اتوار 26 جنوری 2020
 بھارت کے یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی  میں تبدیل ہوگیا ہے، فوٹوفائل

بھارت کے یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا ہے، فوٹوفائل

 سری نگر: دنیا بھر میں موجود کشمیریوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو بطور یوم سیاہ منایا جب کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

حریت رہنماؤں کی اپیل پر دنیا بھر میں کشمیریوں نے نام نہاد بھارتی یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا، جس کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر پر بھارت کے مسلسل قبضے اور کشمیریوں کو گزشتہ 73 سال سے حق خود ارادیت سے محروم رکھے جانے کی طرف مبذول کرانا ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں کشمیریوں کی جانب سے بھارت کےخلاف مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔

صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے یوم سیاہ کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں یوم جمہوریہ منانے کا حق نہیں رکھتا، بھارت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے، قابض بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، عالمی برادری کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلانے کیلیےکردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ اس سال کشمیری ایک ایسے موقع پر یوم سیاہ منایا جب مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون کو 175 روز ہو چکے ہیں۔ بھارت کے یومِ جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر فوجی چھاؤنی میں تبدیل ہوگیا، جگہ جگہ بھارتی فوجی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔