مشہور مزاحیہ سیریز ’’الف نون‘‘ دوبارہ بنانے کی تیاریاں

ویب ڈیسک  بدھ 23 ستمبر 2020
فلم میں الن اور ننھا کا کردار شہزاد رائے اور فیصل قریشی ادا کریں گے فوٹوفائل

فلم میں الن اور ننھا کا کردار شہزاد رائے اور فیصل قریشی ادا کریں گے فوٹوفائل

کراچی: 60 کی دہائی کی مشہور مزاحیہ ٹی وی سیریز ’’الف نون‘‘ کو جلد ہی ایک فیچر فلم کے طور پر دوبارہ پیش کیا جائے گا۔

1965 میں نشر ہونے والی طنزومزاح پر مبنی ٹی وی سیریز ’’الف نون‘‘ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ اس ٹی وی سیریز میں ملکی  اور معاشرتی مسائل کو طنزو مزاح کے انداز میں اس طرح عوام کے سامنے پیش کیا جاتا تھا کہ لوگ آج بھی اس کے سحر میں جکڑے نظر آتے ہیں۔

پاکستان کی اس کلاسیکل ٹی وی سیریز کو ایک بار پھر فیچر فلم میں تیار کیاجارہاہے جس میں گلوکار شہزاد رائے اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔’’الف نون‘‘ کے مرکزی کرداروں میں اَلّن کا مشہور کردار کمال احمد رضوی اور ننھا کا کردار فیع خاور نے ادا کیا تھا اور اب یہ دونوں کردار شہزاد رائے اور فیصل قریشی ادا کریں گے۔

شہزاد رائے نے انسٹاگرام پر اوریجنل ’’الف نون‘‘ کا ایک مزاحیہ کلپ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویڈیو کلپ سے ظاہر ہوجائے گا کہ میں اور فیصل قریشی کیوں فلم’’الف نون‘‘ بنارہے ہیں۔ ویڈیو کلپ میں الن اور ننھا ملک میں جاری مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بات کرتے نظر آرہے ہیں۔

شہزاد رائے نے ان مسائل کو آج کے مسائل سے جوڑتے ہوئےکہا کہ جو مسائل اس وقت پاکستان میں تھے یہی مسائل آج بھی موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم میں اداکاری کرنے پر خوشی کااظہار کیا۔

واضح رہے کہ فلم ’’الف نون‘‘ کی کہانی پچھلی سیریز سے مختلف ہوگی لیکن فلم کا مرکزی خیال وہی ہوگا۔ فیصل قریشی نے نہ صرف فلم کا اسکرپٹ لکھا ہے بلکہ وہ فلم کی ہدایات بھی دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔