لاہور سفاری میں برسوں بعد رائل بنگال ٹائیگر اور عربین آڈکس کے ہاں بچوں کی پیدائش

آصف محمود  اتوار 7 مارچ 2021
بنگال ٹائیگر کے بچے تو ماں کی ممتا کے مزے لے رہے ہیں لیکن آڈکس نے بچے کوقبول نہیں کیا فوٹو: ایکسپریس

بنگال ٹائیگر کے بچے تو ماں کی ممتا کے مزے لے رہے ہیں لیکن آڈکس نے بچے کوقبول نہیں کیا فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: سفاری زو میں 12 سال بعد رائل بنگال ٹائیگرکے دوبچوں کی پیدائش ہوئی ہے جبکہ عربین آڈکس نے بھی 8 سال بعد خوبصورت بچے کو جنم دیا ہے۔

لاہور کا سفاری پارک ویسے توملک بھر میں شیروں کی سب سے زیادہ تعداد کی وجہ سے پہچان رکھتا ہے اور یہاں شیر کے بچوں کی پیدائش بھی معمول کی بات ہے لیکن اب کئی برسوں بعد رائل بنگال ٹائیگرکے یہاں دوبچو ں کی پیدائش ہوئی ہے جبکہ عربین آڈکس نے بھی ایک بچے کوجنم دیا ہے۔

لاہور سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹرشیخ زاہد نے بتایا کہ اتنے عرصہ بعد رائل بنگال ٹائیگر کے بچوں پیدائش ایک بڑی کامیابی ہے، اب تک ان کے درست جوڑے نہیں بن سکے تھے۔ جانوروں میں افزائش کے لئے ان کے مناسب جوڑے ہونا انتہائی اہم ہوتا ہے، اس سے قبل ٹائیگر کے جوڑوں میں نر اور مادہ کی عمر میں کافی فرق ہوتا تھا یا پھرایک وجہ ان کو مناسب ماحول نہ ملنا اور ڈائیٹ میں کمی بیشی بھی ہوسکتی لیکن اب اللہ کا شکرہے کہ اس کے یہاں بھی صحت مند بچے کی پیدائش ہوئی ہے، آڈکس نے اپنے بچے کو قبول نہیں کیا جس کی وجہ سے اسے ہم نے ویٹرنری کمپلیکس میں رکھا ہے اوراسے بکری کا دودھ پلارہے ہیں اس کے علاوہ اضافی وٹامنز بھی دیئے جارہے ہیں۔ جیسے ہی یہ بچہ تھوڑا بڑا ہوگا اور گھاس کھانے لگے گا تو اسے اس کے ماں باپ کے احاطے میں چھوڑ دیں گے۔

نئے مہمانوں کی آمد سے سفاری پارک میں بنگال ٹائیگرز کی تعداد پانچ اورعربین آڈکس کی تعداد تین ہوگئی ہے۔ بنگال ٹائیگر کے بچے تو ماں کی ممتا کے مزے لے رہے ہیں لیکن آڈکس نے اپنے بچے کوقبول نہیں کیا ہے۔

لاہورسفاری زوکے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر رضوان نے بتایا ٹائیگر سمیت بگ کیٹس سے بریڈ کے لئے ان کے جوڑے بنانا سب سے اہم ہوتا ہے، اس بار ہم نے جو بہاولپور زو سے ٹائیگر آئے تھے وہ اور چند برس قبل یواے ای سے جو ٹائیگر تحفے میں ملے تھے ان کے جوڑے بنائے تھے جن سے کامیاب بریڈ لینا ممکن ہوا ہے۔ عربین آڈکس صحراؤں میں پایا جانے والا ایک جانور ہے جس کے لمبے سینگ ہوتے ہیں۔ پنجاب میں لاہورسفاری زو کے علاوہ کسی بھی سرکاری چڑیا گھرمیں آڈکس موجود نہیں ہے۔ لاہورسفاری زو میں افریقن شیرنی نے بھی 2 بچوں کو جنم دیا ہے جوکافی صحت مند اورخوبصورت ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔