گرفتار لیگی رہنما چوہدری تنویر دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل

ویب ڈیسک  اتوار 13 مارچ 2022
کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان کی روشنی میں چوہدری تنویر کو اسپتال رکھنے کا فیصلہ ہوگا، ذرائع۔ فوٹو:فائل

کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان کی روشنی میں چوہدری تنویر کو اسپتال رکھنے کا فیصلہ ہوگا، ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رہنما چوہدری تنویر دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیئے گئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر حراست مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری تنویر کی طبیعبت خراب ہوگئی، اور انہیں  راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔ چوہدری تنویر گزشتہ دو روز سے دل کے عارضے کی شکایت کر رہے تھے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چوہدری تنویر کا جسمانی ریمانڈ منظور

ذرائع نے  بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں داخل کر لیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر کے کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکے گا کہ انہیں مزید کب تک اسپتال رکھنا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: چوہدری تنویر دبئی فرار کی کوشش میں گرفتار

واضح رہے کہ سابق لیگی ایم این اے چوہدری تنویر کی گرفتاری جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر اس وقت عمل میں آئی جب وہ ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جارہے تھے، وہ  بدعنوانی کے کیسز میں اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب تھے اور ان کا نام واچ لسٹ میں بھی ڈالا گیا تھا۔

آج چوہدری تنویر کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈیوٹی جج مجتبی الحسن کی عدالت میں پیش کیا، ان کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف ہے اور انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، تاہم عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

 

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔