سیلاب سے بری طرح متاثر پاکستان کی تعمیرِنو اولین ترجیح ہے، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک  جمعـء 16 دسمبر 2022
پاکستان کے سیلاب سے متاثر ہونے پر ہر ممکن مدد کریں گے،اقوام متحدہ (فوٹو: فائل)

پاکستان کے سیلاب سے متاثر ہونے پر ہر ممکن مدد کریں گے،اقوام متحدہ (فوٹو: فائل)

 نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ان علاقوں کی تعمیر نو ہے جہاں سیلاب کے باعث انسان بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں ’’جی 77‘‘ وزارتی کانفرنس میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی طرف سے G77 اور چین کی خصوصی وزارتی کانفرنس بلانے کے بروقت اقدام کو بھی سراہا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بھی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل  سے ملاقات ہوئی جس میں انتونیو گوتریس نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری انسانی امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سیلاب سے متاثر پاکستان کی مدد کرنا مغربی ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے، اقوام متحدہ

انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کا فقدان ہے اس لیے اقوام متحدہ کی کی اولین ترجیح ان علاقوں کی فوری تعمیر نو اور سہولیات کی فراہمی ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ بڑے پیمانے پر تعاون کرنے اور 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس کے اعلان پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ 9 اکتوبر کو اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ ہے اور پاکستان کا زہریلی گیس کے اخراج میں حصہ نہایت کم لیکن اس کا سب سے زیادہ خمیازہ پاکستان کو بھگتنا پڑا ہے اس لیے بڑے صنعتی ممالک کی پاکستان کی مدد کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔