پولیس اور رینجر کے چھاپے، ٹارگٹ کلرز سمیت 8 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 1 اگست 2014
سی پی ایل سی نے اندرون سندھ کارروائی میں مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا،2ملزم گرفتار۔ فوٹو: فائل

سی پی ایل سی نے اندرون سندھ کارروائی میں مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا،2ملزم گرفتار۔ فوٹو: فائل

کراچی: رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران دو اغوا کار اورمبینہ ٹارگٹ کلر سمیت8ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے اورنگی ٹائون کے علاقے قصبہ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے 3مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس  نے سی پی ایل سی کی مدد سے اندرون سندھ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے تاجر محمد رئیس کو بازیاب کراکے دو اغوا کاروں کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق تاجر محمد رئیس گلشن معمار کا رہائشی ہے ، ماہ جون میں رئیس اپنی کار میں سکھر سے پنجاب جا رہا تھا کہ اندرون سندھ کے بدنام زمانہ اغوا کار خان محمد جونیجو کے گروپ کے کارندوں نے اغوا کرلیا تھا اور اس کے اہلخانہ سے2 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا ، پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے دو کارندے مذکورہ گروپ سے تعلق رکھتے ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے نام صیغہ راز میں رکھے ہیں ، بریگیڈ پولیس نے لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کرنے والے2 ملزمان ناصر عمر اور خواجہ نورالدین کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، جوہر آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر14میں لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو علاقہ مکینوں نے پکڑ کرتشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا ، پولیس مذکوورہ ملزم کی گرفتار سے لاعملی ظاہر کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔