وزارت عظمیٰ کا شوق نہیں یہ ذمہ داری اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر قبول کی، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
تمام جماعتوں اور اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اپنا وزن جمہوریت کے پلڑے میں ڈالا، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

تمام جماعتوں اور اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اپنا وزن جمہوریت کے پلڑے میں ڈالا، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ جمہوریت بڑی جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے لہذا کسی کو بھی جمہوری نظام پر کلہاڑا نہیں چلانے دیں گے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ شاہراہ دستورکو خالی کرانا نہ تو کل حکومت کے لئے مشکل تھا اور نا آج مشکل ہے لیکن  پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں نے صبرسے کام لیا، ہمیں اپنی ماؤں، بہنوں، بزرگوں اور معصوم بچوں کا درد ہے جنہیں  ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ دھرنا دینے والوں کا ایجنڈا سمجھ سے بالاتر ہے، مطالبات تسلیم ہونے کے باوجود یہ لوگ دنیا کے سامنے پاکستان کی عزت و وقارکو مجروح کر رہے ہیں لیکن ہم نہیں چاہتے کہ ان مفاد پرست عناصر کو ملک میں مزید شر پھیلانے کا کوئی موقع ملے۔

نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ  گزشتہ 5 ہفتوں سے دھرنوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پربحث کررہی ہے اور دھرنے والوں کی اشتعال انگیز تقاریر کے باوجود پارلیمنٹ نے جس خندہ پیشانی کا مظاہرہ کیا وہ ہماری جمہوری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے جو ہماری آنے والی کئی نسلوں کے لئے ایک مشعل راہ بنا رہے گا۔ تمام جماعتوں اور اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے اپنا وزن جمہوریت کے پلڑے میں ڈالا اور سیاست سے بالا تر ہو کر جمہوریت کا ساتھ دیا۔ وکلا، سول سوسائٹی، پاکستانی عوام اور میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جس نے انتشار  پھیلانے والوں کو  پوری طرح بے نقاب کر دیا اور آج ملک میں افرا تفری اور انتشار پھیلانے والے ناکام اور تنہا ہو کر رہ گئے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے وزارت عظمیٰ کا کوئی شوق نہیں ہے، یہ ذمہ داری اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر قبول کی تاکہ ملک و قو م کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں، کوئی لانگ یا شارٹ مارچ ہمیں اپنے مشن سے نہیں ہٹا سکتا۔ ہم نے بڑی جدوجہد اور  قربانیوں کے بعد آج یہ جمہوریت حاصل کی ہے، کسی کو بھی جمہوریت پر کلہاڑا چلانے کی اجازت نہیں دیں گے اگر اس حوالے سے کسی کو شک ہے تو وہ دور کرلے۔ ہم ووٹ کا تقدس، جمہوریت کا استحکام اور پارلیمنٹ کی حفاظت کے لئے آخری حد تک جائیں گے اور ہر راستہ آئین اور  قانون سے ہی نکلے گا، کسی گروہ کو  ملک کی تقدید اپنے ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔