سلمان خان پرکیس،بالی ووڈ میں 200 کروڑ روپے خطرے میں

ویب ڈیسک  جمعـء 27 فروری 2015

ممبئ: بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے خلاف اسلحہ ایکٹ کیس کا عدالتی فیصلہ تین مارچ تک موخر ہونے پر رواں سال ان کی ریلیز ہونے والی دو فلموں کے پروڈیوسرز نے کچھ راحت کا سانس لیا ہے۔

49 سالہ اداکار ان دنوں راج کوٹ کے قریب گوندل میں سورج برجاتیہ کی فلم ’’ پریم رتن دھان پایو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ رواں سال ان کی دوسری متوقع فلم ’’ بجرنگی بھائی جان ‘‘ ہے جس کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد پوسٹ پروڈکشن کا مرحلہ جاری ہے۔ بالی ووڈ ٹریڈ تجزیہ کار کومل نہتا کا کہنا ہے کہ سلمان خان پر صرف ان دو فلموں کے تقریباً 150 انڈین کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں جب کہ انھوں نے 50 کروڑ روپے مالیت کے کچھ دوسرے منصوبے بھی سائن کر رکھے ہیں۔

نہتا نے بتایا کہ 200 کروڑ کی سرمایہ کاری خطرے میں پڑنے سے کچھ پریشانی ضرور ہے لیکن سلمان کے پاس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا حق محفوظ ہے۔ یاد رہے کہ سولہ سال پہلے جودھ پور کے قریب نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کی وجہ سے سلمان خان پر مقدمات ہیں اور اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی انھی میں سے ایک ہے، جس کا فیصلہ تین مارچ کو متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔