حج درخواستیں27اپریل سے8مئی تک وصول کی جائینگی

جہانگیر منہاس  جمعـء 24 اپريل 2015
حج پالیسی میں پاکستانی عازمین کوحج سے واپسی پرآب زم زم فضائی کمپنیوں کی طرف سے ایئرپورٹس پرفراہم کیاجائے گا۔ فوٹو: فائل

حج پالیسی میں پاکستانی عازمین کوحج سے واپسی پرآب زم زم فضائی کمپنیوں کی طرف سے ایئرپورٹس پرفراہم کیاجائے گا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: حج پالیسی 2015 کاباضابطہ اعلان آج(جمعے کو) وفاقی وزیرمذہبی امور سرداریوسف کریں گے اورحج پالیسی کے خدوخال کے بارے میں میڈیاکو بریفنگ دیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ رواں سال  کی حج پالیسی کے تحت سرکاری اسکیم کیلیے حج درخواستیں 27اپریل سے 8مئی تک 10شیڈول بینکوں کے ذریعے وصول کی جائیں گی جبکہ ان درخواستوں پرحج قرعہ اندازی 14 مئی کووزارت مذہبی امورکے کمیٹی روم میں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت 2پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں جن میں کوئٹہ، سکھراور کراچی سے 255971 روپے جبکہ اسلام آباد، لاہوراور پشاورسے 264971روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سرکاری اسکیم کے تحت جانیالے عازمین حج منیٰ میں قربانی خود کرینگے جس کے لیے 14210 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ عازمین قربانی کیلیے رقم خوداسلامی بینک میں بھی جمع کراسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 43ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سے 71300 سرکاری جبکہ 72ہزار 600 پرائیویٹ اسکیم کے تحت حجازمقدس جائیں گے۔ حج پالیسی میں پاکستانی عازمین کوحج سے واپسی پرآب زم زم فضائی کمپنیوں کی طرف سے ایئرپورٹس پرفراہم کیاجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔