سری لنکن کرکٹ بورڈ کا فیصلہ سابق کرکٹرز نے خوش آئندہ قرار دیدیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 اکتوبر 2017
بھارتی ٹیم کے آنے سے دیگر ملکوں پر بھی مثبت اثر پڑے گا، عبدالرزاق۔ فوٹو : فائل

بھارتی ٹیم کے آنے سے دیگر ملکوں پر بھی مثبت اثر پڑے گا، عبدالرزاق۔ فوٹو : فائل

 لاہور: قومی کرکٹرز نے سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیدیا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز، پی ایس ایل ٹو کے فائنل اور ورلڈ الیون کے دورہ سے اعتمادکی بحالی کا جو سفر شروع کیا تھا،اس کو جاری رکھنا بہت اہمیت کا حامل ہے، ٹی ٹوئنٹی میچ کیلیے آئی لینڈرزکی  لاہورآمد سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیموں کو بلوانے پر پی سی بی مبارکباد کا مستحق ہے، زمبابوے، پی ایس ایل فائنل اور ورلڈ الیون کے بعد اب سری لنکن ٹیم کو پاکستان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ آئی لینڈرز کی آمد پاکستان کرکٹ کیلیے نیک شگون ہے، یہ سلسلہ آگے بڑھتا رہنا چاہیے، تاہم ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی تب ہو گی جب بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی، پڑوسی ملک کے کرکٹرز نے دورہ کیا تو میدانوں کی رونقیں بحال کرنے کی مہم میں تیزی آئے گی۔ بلو شرٹس کے بعد دیگر ملکوں کی ٹیمیں بھی آنے کیلیے تیار ہوجائیں گی۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی طرف اہم قدم ہے، ورلڈ الیون کیخلاف سیریزکوشائقین کی بھرپور توجہ حاصل ہوئی، سری لنکا کیخلاف میچ میں بھی میدان بھرا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔