شریف فیملی کے خلاف ریفرنسزمیں اتنی عجلت کیوں ہے، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 15 نومبر 2017
اشتہاری ملزم عمران کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی، مریم اورنگزیب:فوٹو:فائل

اشتہاری ملزم عمران کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی، مریم اورنگزیب:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ شریف فیملی کے خلاف کارروائی میں اتنی عجلت کیوں ہے جبکہ عدالت کی جانب سے ایک اشتہاری ملزم کے خلاف کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

اسلام آباد میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سوال اٹھایا ہے کہ شریف فیملی کے خلاف ریفرنس میں اتنی عجلت کیوں دکھائی جارہی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کو اقامہ پر اتنی جلدی میں نکال دیا گیا جس میں ثبوت بھی نہیں ملا جبکہ دوسری جانب ایک اشتہاری کےخلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی۔

مریم اورنگزیب کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ ابھی بھی عبوری ہے اور اس کا والیم 10 تیار کیا جارہا ہے، شریف خاندان کو نیب کی جانب سے چھ ماہ میں چار ریفرنسز کا جواب دینا ہے یعنی ڈیڑھ ماہ میں ایک ریفرنس کا جواب داخل کرانا ہے، جبکہ دوسری جانب ایک اشتہاری دو سال بعد دہشتگردی کی عدالت میں آتا ہے جس کے باوجود اس کا فیصلہ کیوں محفوظ کرلیا جاتا ہے؟۔  انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ سوالات ہیں جو پوری قوم اٹھارہی ہے ، عوام ان سوالات کا  جواب 2018 کے عام انتخابات میں دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔