پی اے سی نے 5 سال میں 137 ارب روپے وصول کیے،چیئرمین

آئی این پی  جمعـء 15 مارچ 2013
آزاد میڈیا کی بدولت ملکی اداروں کے احتساب میں کامیاب ہوئے، ندیم افضل چن. فوٹو فائل

آزاد میڈیا کی بدولت ملکی اداروں کے احتساب میں کامیاب ہوئے، ندیم افضل چن. فوٹو فائل

اسلام آ باد: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چیئرمین ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پی اے سی نے اپنی 5 سالہ مدت کے دوران مختلف اداروں میں کرپشن اور بے ضابطی کا نوٹس لے کر 137 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم کی وصولی کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی۔

آزاد میڈیا کی بدولت ملک کے تمام اداروں کو احتساب کے عمل کو ممکن بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ جمعرات کو پی اے سی کا آخری اجلاس چیئرمین ندیم افضل گوندل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ چیئرمین نے کہاکہ اگر میڈیا کی رسائی یہاں تک نہ ہوتی تو پھر آج بدعنوان اداروں کو بے نقاب کرنا مشکل ہوتا اور میڈیا کی بدولت ہی بدعنوان لوگوںکو پکڑنے کے قابل ہوئے او رکرپٹ لوگوں کو تبدیل کیا گیا ہے یا انھیں گھر بھیجا۔

 

اس موقع پر مسلم لیگ کے غلام مصطفی ‘ ایم کیو ایم کے وسیم اختر ‘ پیپلز پارٹی کے نور عالم خان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی آسیہ ناصر نے بھی میڈیا کے مثبت کردارکی تعریف کی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کی اس رپورٹ کا بھی ذکر کیا گیا جس میںکہا گیاہے کہ اگر پی اے سی اس طرح کام کرتی رہی تو پھر وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کرپشن جیسی لعنت سے چھٹکارا حاصل کر لے گا۔

بعد ازاں چیئرمین ندیم افضل گوندل نے بہترین رپورٹنگ کرنے پر صدر پی آر اے صدیق ساجد ‘ حافظ طاہر خلیل ‘ ارشد مکھن ‘ انتظار حیدری ‘ ملک سعید ‘ انور عباس ‘ خواجہ بابر ‘ زاہد یعقوب خواجہ ‘ نوشین یوسف ‘ شکیل احمد ‘ حامد حبیب ‘ جاوید الرحمن ‘ وقاص ریاض کاکا خیل و دیگرمیں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سیکریٹریٹ کے افسران ‘ ملازمین اور آڈٹ حکام کو بھی بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔