2017 میں سائیکل چوری کا بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا

زوہیب جئے جا  پير 1 جنوری 2018
میٹھادرپولیس نے ریلوے کالونی سے سمیرکوگرفتارکرکے قبضے سے سائیکل برآمدکی۔
 فوٹو: فائل

میٹھادرپولیس نے ریلوے کالونی سے سمیرکوگرفتارکرکے قبضے سے سائیکل برآمدکی۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں گزشتہ سال سائیکل چوری کاصرف ایک مقدمہ درج ہوا جب کہ پولیس نے ملزم کوگرفتارکرکے سائیکل برآمدکرلی جو مالک کوواپس نہیں مل سکی۔

کراچی میں گزشتہ سال سائیکل چوری کاصرف ایک مقدمہ میٹھادر تھانے میں درج ہوا،آئی آئی چندریگر روڈ سے متصل این جے مودی اسٹریٹ پر مکان کے باہر سے عبدالحمید کی سائیکل چوری ہو ئی میٹھادر تھانے کی پولیس نے ریلوے کالونی سے ملزم سمیرکو گرفتار کرکے سائیکل برآمدکرلی۔

ملزم نے پولیس کوبتایا کہ اس نے نشہ خرید نے کے لیے گھر کے باہر سے سائیکل چوری کی اور دوسرے شخص کو 500 روپے میں فروخت کردی مقدمے کے مدعی عبدالحمید نے بتایاکہ اس کی دودھ کی دکان ہے اوراس نے دودھ سپلائی کرنے کے لیے 2 ہزار روپے میں سائیکل خریدی تھی جوچوری ہوگئی اور اس کامقدمہ 22 جولائی کو میٹھادر تھانے میں درج کرایا۔

پولیس نے سائیکل برآمدکرلی جو اب تک اسے عدالت سے نہیں مل سکی ہے اوروہ اس کے حصول کے لیے چکر لگارہا ہے یادرہے کہ سال 2016 میں ملیر ڈویژن میں ایک اورسینٹرل ڈویژن میں سائیکل چوری کا ایک ایک مقدمہ درج کیاگیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔