نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 25 جنوری 2018
دسمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 5.11  روپے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین سے 8.11 روپے فی یونٹ وصول کیے گئے، فوٹو: فائل

دسمبر میں بجلی کی پیداواری لاگت 5.11 روپے فی یونٹ رہی جبکہ صارفین سے 8.11 روپے فی یونٹ وصول کیے گئے، فوٹو: فائل

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیپرا چیئرمین طارق سدوزئی کی سربراہی میں سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ردو بدل کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ بجلی کی مجموعی پیداوار 7ارب 76 کروڑ یونٹ رہی، جن پر 40 ارب 6 کروڑ روپے لاگت آئی، دسمبر میں بجلی کی پیداوار پر ایندھن کی لاگت 5 روپے 11 پیسے فی یونٹ رہی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین سے ایندھن کی لاگت میں 8 روپے 10 پیسے فی یونٹ وصول کیے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خاتون کو گھر کا بجلی کا بل 284 ارب ڈالر موصول

نیپرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو21 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا تاہم اس کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔