8 سال قبل انتقال کر جانے والا حاجی ذاکر الیکشن لڑے گا

اقبال جاکھرو  اتوار 24 جون 2018
پی ایس 78 سے آزاد امیدوار نے مقدمے سے بچنے کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوایا۔ فوٹو: فائل

پی ایس 78 سے آزاد امیدوار نے مقدمے سے بچنے کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوایا۔ فوٹو: فائل

ٹھٹھہ: عام انتخابات 2018 بڑے کمال کے الیکشن ہیں کہ ان میں حصہ لینے کے لیے8 سال قبل انتقال کر جانے والا شخص حاجی ذاکر حسین کلاتری دوبارہ زندہ ہوگیا۔

حاجی ذاکر نے120 گز کا پلاٹ جعلی دستاویزات پر فروخت کیا تھا۔ وہ کراچی کے تھانہ نارتھ ناظم آباد میں درج فراڈ کے مقدمے میں ملوث تھا۔ جس سے جان چھڑانے کے لیے اس نے اثر و رسوخ استعمال کر کے ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل میرپور بٹھورو کی یونین کونسل دریا خان سوہو سے فوتی سرٹیفکیٹ جاری کرایا جس کی بنیاد پراس کی مقدمے سے جان چھوٹی۔

ایکسپریس نے حاجی ذاکرحسین کلاتری کے انتقال کے حوالے سے جاری سرٹیفکیٹ کی کاپی بھی حاصل کر لی جس میں واضح طور پر انتقال کر جانے والے کے کالم میں حاجی ذاکرحسین کلاتری کا نام اور شناختی کارڈ نمبر دیکھا جا سکتا ہے۔

سرٹیفکیٹ میں اس کے انتقال کی تصدیق کرنے والے دو گواہان کے نام بھی تحریر ہیں۔ مخالف امیدواروں کا کہنا ہے کہ حاجی ذاکر حسین کی نا اہلی کے لیے عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔ حاجی ذاکر عام انتخابات میں ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے گھوڑا باری کے علاقوں پر مشتمل پی ایس 78سے آزاد امیدوار بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔