پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، مودی کا عمران خان کو فون

ویب ڈیسک  پير 30 جولائی 2018
جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، عمران خان ۔ فوٹو : فائل

جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کی بجائے المیے جنم لیتے ہیں، عمران خان ۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں۔

نریندر مودی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انہیں عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

بھارتی وزیراعظم نے عمرن خان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے نئے دور کے آغاز پر تیار ہیں، معاملات آگے بڑھنے کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے مبارک باد پر چیئرمین تحریک انصاف نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل کی تدابیر کی جانی چاہئیں۔

’’ حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی ‘‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگیں اور خونریزی سے تناعات کے حل کے بجائے المیے جنم لیتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کو غربت کے بے رحم شکنجے سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو مشترکہ تدابیر کرنا ہوں گی۔

عمران خان سے چینی سفیر کی ملاقات

دوسری جانب پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤجنگ نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی اور چین کی حکومت کی جانب سے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر جہانگیر ترین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی ملاقات میں موجود بھی تھے۔

چین کی حکومت کا خصوصی پیغام پہنچایا

چینی سفیر یاؤجنگ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں کامیاب الیکشن کے ذریعے جمہوری عمل مکمل ہوا، اب نئی حکومت کے ساتھ چین مل کر کام کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی دنیا کے لئے ایک مثال ہے، حکومت میں آکر چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے اور خطے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں بڑھائیں گے۔

ایرانی حکومت کی عمران خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

ادھر ایرانی حکومت نے بھی عمران خان کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے عمران خان کو خط کے ذریعے کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پاکستانی عوام نے جمہوریت کی بنیادیں مضبوط کیں، عمران خان کی جیت سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، ایران پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون مزید بڑھائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔