حنیف عباسی کو اٹک جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 4 اکتوبر 2018

 لاہور: ایفیڈرین کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو اٹک جیل سے کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حنیف عباسی کو اٹک سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ہے، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب شاہد بیگ نے بھی حنیف عباسی کی لاہور منتقلی کی تصدیق کردی ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ حنیف عباسی کو اڈیالہ جیل میں قید کے دوران دل کی تکلیف ہوئی تھی، جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا اور وہاں انہیں اسٹنٹ ڈالا گیا تھا۔ ان کی طبیعت اب بھی ٹھیک نہیں، طبیعت بگڑنے کی صورت میں اٹک میں کوئی بڑا اسپتال نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ حنیف عباسی کو لاہور منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ حنیف عباسی کو 21 جولائی کو ایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔سزا کے بعد وہ اڈیالہ جیل میں قید تھے تاہم گزشتہ ماہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے کمرے میں حنیف عباسی کی موجودگی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔