اشتعال انگیز تقریر؛ 21 مقدمات میں ایم کیو ایم رہنماؤں پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک  منگل 23 اکتوبر 2018
عامر خان کی ضمانت میں توثیق کردی گئی۔

عامر خان کی ضمانت میں توثیق کردی گئی۔

 کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے 21 مقدمات میں ایم کیو ایم رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کے 26مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں 21 مقدمات میں فارق ستار، خواجہ اظہار، رؤف صدیقی، قمر منصور اور ریحان ہاشمی سمیت ایم کیو ایم کے رہنماؤں پر فرد جرم عائد کی گئی جب کہ عامر خان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی اور ان کی ضمانت میں توثیق کردی گئی۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ جولائی 2015 میں اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے، کیا آپ کو جرم قبول ہے جس پر فاروق ستار اور مئیر کراچی سمیت دیگر نے یک زبان ہوکر اپنے جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔

وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر،گواہوں کے بیانات اور عدالتی ریکارڈ میں الگ الگ موقف ہے۔ عدالت کا آئندہ سماعت پر وکیل صفائی کو دلائل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی جب کہ ائندہ سماعت پر مزید 4 مقدمات میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔