توصیف احمد آؤٹ؛ وسیم حیدر قومی اے کرکٹ ٹیم کے مینیجر مقرر

محمد یوسف انجم  جمعـء 9 نومبر 2018
وسیم حیدر کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہوں گے فوٹو: فائل

وسیم حیدر کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہوں گے فوٹو: فائل

لاہور  : پی سی بی نے سلیکٹر توصیف احمد کو واپس بلاکر وسیم حیدر کو قومی اے ٹیم کے مینیجر کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم کے رکن اور سلیکٹر ٹیسٹ ٹیم وسیم حیدر کو قومی اے ٹیم کے مینیجرکی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، وہ یو اے ای میں ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مشاورت میں انضمام اور توصیف احمد کے ساتھ شامل ہوں گے۔ وہ کل یو اے ای روانہ ہورہے ہیں۔

ذرائع کےمطابق توصیف احمد کئی دنوں سے اے ٹیم کے ساتھ مصروف ہیں،اب وہ واپس آکر ڈومیسٹک کرکٹ میں جاری میچز کے دوران نوجوان کرکٹرز کی پرفارمنس پر نظر رکھیں گے، وسیم حیدر اب ان کی جگہ اے ٹیم کا حصہ بننے والے کرکٹرز کی کارکردگی پر فوکس کریں گے۔

وسیم حیدر اے ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی رپورٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کو جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔ ٹیسٹ ٹیم پر مشاورت کرنے کے بعد توصیف احمد ایک دو دن میں کراچی واپس آجائیں گے۔

پاکستان اے اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان دوسرا چار روزہ میچ اس وقت ابوظبی میں جاری ہے، پہلا فورڈے میچ برابر رہا تھا۔ اگلے مرحلے میں انگلینڈ لائنز کی ٹیم پاکستان کرکٹ بورڈ کی مہمان بن رہی ہے، وہ قومی اے ٹیم کے ساتھ ایک چار روزہ ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔