چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کا سربراہ پھر ریٹائر افسر مقرر

صفدر رضوی  منگل 16 جولائی 2013
 ٹیکنیکل بورڈ میں بھی ریٹائرچیئرمین کو ہٹا کر ان ہی کو چیئرمین بورڈ مقررکیا گیا ،دیگربورڈکے چیئرمین بھی ریٹائرہیں.۔ فوٹو: فائل

ٹیکنیکل بورڈ میں بھی ریٹائرچیئرمین کو ہٹا کر ان ہی کو چیئرمین بورڈ مقررکیا گیا ،دیگربورڈکے چیئرمین بھی ریٹائرہیں.۔ فوٹو: فائل

کراچی:   گورنر سیکریٹریٹ نے سندھ کی نجی یونیورسٹیز اور انسٹی ٹیوٹس کو چارٹر دینے والے ادارے ’’چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی‘‘سے عدالتی حکم پر ہٹائے گئے ریٹا ئر سربراہ کی جگہ ایک اور ریٹائرافسرکوکمیٹی کا سربراہ مقررکردیا ہے اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشہود عالم شاہ کو چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکرتے ہوئے کمیٹی کا چارج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ عہدہ چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیوایشن کمیٹی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر ایس ایم قریشی کو ریٹائر ہونے کے سبب عدالتی حکم کے بعدہٹا ئے جانے سے خالی ہوا تھا جس کے بعد سندھ یونیورسٹی کے ریٹائر وائس چانسلر ڈاکٹر نذیر اے مغل کوکمیٹی کا اضافی چارج دیدیا گیا تھا ، یاد رہے کہ پروفیسرنوشاد شیخ کوجب گزشتہ ہفتے عدالتی حکم پرڈپوٹیشن منسوخ کرتے ہوئے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کا دوبارہ وائس چانسلر مقررکیا گیا تو لیاقت میڈٰیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مشہودعالم شاہ کو چارٹرانسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کا چیئرمین مقررکردیا گیا، ان کی تقرری دوسال کے لیے کی گئی ہے جس کانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔

گورنر سیکریٹریٹ نے عدالتی حکم پر اس سے قبل سندھ بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسرسعید صدیقی کو بھی عہدے سے ہٹادیا تھا اور ان کی جگہ سیکریٹری بورڈ وحید شیخ کوعہدے کا اضافی چارج دیاگیا تھا تاہم کچھ ہی عرصے کے بعد پروفیسرسعید صدیقی کو ایک بار پھر چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ تعینات کردیا گیا۔سندھ کے بعض تعلیمی بورڈز کے چیئرمین بھی ریٹائرڈ افسر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔