شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیلیے منی لانڈرنگ کرنے والا ایک اور اہم ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 23 اپريل 2019
شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کر لیا گیا (فوٹو: فائل)

شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کر لیا گیا (فوٹو: فائل)

 لاہور: قومی احتساب بیورو لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف، سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے لیے منی لانڈرنگ کرنے والے اہم ملزم آفتاب محمود کو گرفتارکر لیا۔

نیب ترجمان کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف، ان کے بیٹوں سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے خلاف جاری آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں کلیدی پیش رفت ہوئی ہے، شریف فیملی کے لیے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچویں ملزم آفتاب محمود کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم آفتاب محمود کی گرفتاری نیب لاہور کے زیر حراست ملزم شاہد رفیق سے تحقیقات کے دوران ہونے والےانکشافات پر عمل میں لائی گئی ہے، دونوں ملزمان آپس میں کزن ہیں جبکہ باہمی رضامندی سے کروڑوں روپے غیرقانونی طور پر شریف فیملی کا اکائونٹس میں منتقل کرتے رہے۔

نیب لاہور حکام کی جانب سے ملزم شاہد شفیق کو دو روز قبل گرفتار کیا گیا جس سے جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت اور شواہد حاصل ہوئے ہیں، ملزم آفتاب محمود “عثمان انٹرنیشنل” نامی فارن کرنسی ایکس چینج بیک وقت لندن اور برمنگھم سے آپریٹ کرتا رہا تاہم غیرقانونی طور پر حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور دیگر کے اکاؤنٹس میں بوگس ٹی ٹی لگاتا رہا۔

پہلے سے گرفتار ملزمان میں فضل داد، قاسم قیوم، محمد مشتاق اور ملزم شاہد رفیق شامل نیب لاہور کی ٹیمیں دوران تحقیقات تاحال شہباز شریف فیملی کے خلاف کم و بیش 3 ارب کی مبینہ منی لانڈرنگ کے شواہد حاصل کرچکی ہیں۔

تحقیقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے گرفتار ملزم آفتاب محمود کو بدھ کے روز احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا اور نیب حکام ملزم آفتاب محمود کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کے حصول کی استدعا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔