کراچی سمیت سندھ بھر میں 700 اتائی کلینک سیل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 18 مئ 2019
61 صحت کے مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کردیے ، سندھ میں رجسٹرڈ اسپتالوں کی تعداد 4652 ہو گئی۔ فوٹو: فائل

61 صحت کے مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کردیے ، سندھ میں رجسٹرڈ اسپتالوں کی تعداد 4652 ہو گئی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائیوں کیخلاف مختلف اضلاع میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک 700 کلینکس کوسیل کیا جاچکا ہے۔

انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن کے تحت سندھ کے مختلف شہروں میں اتائیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کراچی، حیدر آباد، جیکب آباد، لاڑکانہ، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں اتائیوں کے کئی کلینکس کو بندکیا گیا، انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے اتائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے ان کارروائیوں کا دائرہ کار پورے سندھ میں پھیلا دیا ہے۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو افسر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈائریکٹر انسداد اتائیت ڈائریکٹوریٹ نے صوبائی وزیر برائے صحت عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں ہونے والی ایچ آئی وی کمیٹی میٹنگ میں شرکت کی جس میں صوبائی وزیر نے اتائیوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی کاوشو ں کو سراہا۔

ڈائریکٹوریٹ آف کمپلینٹس کو اسپتالوں کے حوالے سے 64  شکایات وصول ہوئی جس میں سے 38 کو کامیابی کے ساتھ حل کرلیا گیا جبکہ 22 دیگر شکایات حل کی  جا رہی ہیں اور دوسری جانب 4 شکایات قانونی طریقے سے حل کی جارہی ہیں۔

دریں اثنا ڈائریکٹوریٹ آف لائسنسنگ اینڈ ایکریڈیشن سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو 61 مزید اسپتالوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروا دیں ہیں جبکہ 61 صحت کے مراکز کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کردیے گئے ہیں جس سے سندھ میں رجسٹرڈ اسپتالوں کی تعداد 4652 ہو گئی۔

ہیلتھ کیئرکمیشن کی ٹیم نے مومن آباد میڈیکل اینڈ سرجیکل اسپتال کا معائنہ بھی کیا،ڈائریکٹر آف کلینکل گورننس اینڈ ٹریننگ کی جانب صحت کی سہولت میں بہتری اور متعدی امراض سے نمٹنے کے لیے تربیتی نشست جلد منعقد کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔