عمران خان جتنے مرضی کمیشن بنائیں انہیں ووٹ چور وزیراعظم کہتے رہیں گے، ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  اتوار 16 جون 2019
عمران صاحب ایک لاکھ روپے ٹیکس کس حساب سے دیتے ہیں ؟ ، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

عمران صاحب ایک لاکھ روپے ٹیکس کس حساب سے دیتے ہیں ؟ ، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنائیں، آپ کو سیلیکٹڈ، ووٹ چور اور کٹھ پتلی وزیراعظم کہتے رہیں گے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن‘ کب بنے گا ؟ عمران خان دھمکیاں نہ دیں، تاریخ بتائیں؟ ، عمران صاحب جتنے مرضی کمیشن بنا لیں، آئین، قانون اور پارلیمان کی بالادستی پہ کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، آپ کو سیلیکٹڈ، ووٹ چور اور کٹھ پتلی وزیراعظم کہتے رہیں گے۔

عمران صاحب ایک انکوائری کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے کہ ’کیا تھے وہ ذرائع‘ جن سے علیمہ باجی نے اربوں کی غیر قانونی جائیدادیں خریدیں؟، آپ کی آمدن اور اثاثے کیا ہیں؟ آپ ایک لاکھ ٹیکس کس حساب سے دیتے ہیں؟، عمران صاحب ایک انکوائری کمیشن یہ بھی بنائیں جو تحقیق کرے کہ صرف 10 ماہ میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی تین گنا کیسے ہوگئی؟، ایک کمیشن بنائیں جو پتہ لگائے کہ ایک کروڑ نوکریوں، 50 لاکھ گھروں اور ڈیم فنڈ کا کیا ہوا، اپنی نالائقیوں پر آپ کو ایک نہیں 100 کمیشن بنانے پڑیں گے، اس کے علاوہ آپ اپنے دماغی معائنے کے لئے کمیشن بنانا نہ بھولیے گا۔ عمران صاحب پچھلے 10 سال کے علاوہ پچھلے 10 ماہ کے 5 ہزار ارب روپے کی انکوائری بھی شامل کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔