ممبئی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 12 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 16 جولائی 2019
زمین بوس ہونے والی عمارت 80 سال پرانی ہے۔ میونسپل کمیٹی فوٹو : بھارتی میڈیا

زمین بوس ہونے والی عمارت 80 سال پرانی ہے۔ میونسپل کمیٹی فوٹو : بھارتی میڈیا

 ممبئی: بھارت میں رہائشی عمارت گرنے کے باعث 50 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے جن میں سے 12 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگری میں چاروں اطراف سے گھری چار منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے 50 سے زائد افراد دب گئے۔

عمارت کے اطراف تعمیر کردہ عمارتوں میں داخلی اور خارجی راستے کشادہ نہ رکھنے کے باعث ریسکیو اداروں کو امدادی کاموں میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں جب کہ ایمبولینس کو جائے حادثہ سے 50 میٹر دور کھڑا کرنا پڑ رہا ہے۔

امدادی کارکنان نے علاقہ مکینوں کی مدد سے 12 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 5 افراد کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا ہے تاہم اب بھی ملبے تلے 35 سے زائد افراد دبے ہونے کا امکان ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : بھارت میں مون سون بارشوں سے 11 بھارتی فوجی اور 2 شہری ہلاک 

میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ قریبی اسپتال میں عمارت کے منہدم ہونے سے زخمی ہونے والے 75 افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے 15 کو طبی امداد کے بعد گھرجانے کی اجازت دے دی گئی۔ منہدم ہونے والی عمارت 80 سال پرانی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہماچل پردیش کی عمارت بھی گر گئی تھی جس میں ملبے تلے دب جانے کے باعث 11 فوجی اہلکار اور 2 شہری ہلاک ہوگئے تھے جب کہ 5 فوجی اہلکار اور 12 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔