ہم پر ایسے حکمران مسلط ہیں جنہیں معلوم ہی نہیں کہ مسئلہ کشمیر کیا ہے، فضل الرحمان

ویب ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2019
عمران خان کی حکومت اب نہیں بچے گی، مولانا فضل الرحمان(فوٹو: فائل)

عمران خان کی حکومت اب نہیں بچے گی، مولانا فضل الرحمان(فوٹو: فائل)

 مظفر آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ  ہم پر ایسے حکمران مسلط ہیں جن کومعلوم ہی نہیں کہ کشمیر کا مسئلہ کیا ہے۔

مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 70 سال سے کشمیریوں کو پاکستان کا راستہ دکھایا گیا لیکن ہمارے حکمرانوں کی پالسییوں کی وجہ سے ہم ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھے، ہم پر ایسے حکمران مسلط ہیں جن کومعلوم ہی نہیں کہ کشمیر کا مسئلہ کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کے 5 اگست کے اقدام نے ایک نئے تنازع کو جنم دیا، پاکستان کی حکومت کیسے کہہ سکتی ہے کہ یہ اچانک ہوا اور ہمیں پتہ نہیں ؟ حالانکہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنا تو بی جے پی کا منشور اور ان انتخابی مہم کا حصہ تھا، اور میرے ملک کا ناجائر حکمران کہتا رہا کہ مودی آئے گا اور کشمیر کا مسئلہ حل کرے گا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں کو مسئلے کا پتہ ہی نہیں یہ کشمیر کو بیچ چکے ہیں، ہمارےحکمران آرٹیکل 370 کے خاتمے  پراحتجاج سے گریزاں ہیں، تعجب کی بات ہے کہ پاکستان کے حکمران ریاست کا موقف پیش کرتے ہیں تو آرٹیکل 370 کے خاتمے پر اطمینان بھی کرتے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ ہم نے کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھایا، اس میں ان کا کیا کردار؟  یہ سب تو چین نے کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت اب نہیں بچے گی، یہ شاید پہلے حکمران ہیں جن کے رہنمائی پر قوم شرمندہ ہیں، پورا ملک ناجائز حکومت کے خاتمے کے لئے اسلام آباد آئے گا اور ناجائز حکومت سے آزادی حاصل کرنے تک جد وجہد جاری رہے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔