حوثی باغیوں کا نجران میں متعدد سعودی فوجیوں کی ہلاکت اور گرفتاری کا دعویٰ

حوثی باغیوں نے متعدد سعودی فوجی افسران کو یرغمال بنا کر اسلحہ اور گاڑیوں پر قبضہ کرلیا


ویب ڈیسک September 29, 2019
سعودی فوج کے متعدد فوجی افسران کو یرغمال بنالیا گیا۔ فوٹو : فائل

حوثی باغیوں نے نجران میں حملہ کر کے کئی سعودی فوجیوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمنی حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے نجران میں سعودی فورسز کے خلاف ایک بڑا آپریشن شروع کر کے سعودی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد کو ہلاک، زخمی اور کئی اہلکاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

حوثی باغیوں کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحد کے نزدیک نجران میں سعودی فورسز کو لڑائی میں زبردست نقصان ہوا ہے، کئی سینئر فوجی افسران کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ اور بکتر بند گاڑیوں پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی راؤئٹرز کی طرف سے اس حملے کے بارے میں تصدیق کے لیے سعودی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل مالکی سے رابطہ کیا گیا تو فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ سعودی حکومت کی جانب سے بھی حوثی باغیوں کے دعوے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر زیر گردش ہیں جن میں سعودی فوج کے افسران کو گرفتار کرتے ہوئے اور سعودی فوج کی گاڑیوں پر حوثی باغیوں کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جس میں وہ فتح کا نشان بنا رہے ہیں اور سعودی بکتربند گاڑیوں پر اپنے پرچم لہرا رہے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں