خاتون سے زیادتی کی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2019
ملزم خود کو بااثر گھرانے کا فرد اور حساس ادارے کا اہلکار ظاہرکرتا تھا، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

ملزم خود کو بااثر گھرانے کا فرد اور حساس ادارے کا اہلکار ظاہرکرتا تھا، پولیس حکام۔ فوٹو:فائل

کراچی: ایف آئی اے سائبرکرائم نے خاتون کو جنسی ہراساں، نازیبا ویڈیوبنانے اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ایف آئی اے سائبرکرائم نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کوجنسی ہراساں، ویڈیو بنانے اورالیکٹرک شاک دینے والا ملزم گرفتارکرلیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبرکرائم سرکل فیض اللہ کوریجو کے مطابق گرفتار ملزم علی اکبر سومرو شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ ہے، وہ خود کو بااثر گھرانے کا فرد اور حساس ادارے کا اہلکار ظاہرکرتا تھا، ملزم نے متاثرہ خاتون کو 6 سال تک زیادتی کا نشانہ بنایا اور خاتون کے پاس بلانے کے لئے اس کے باپ کو قتل کردینے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔

فیض اللہ کوریجو نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزم نے متاثرہ خاتون کے بال اور بھویں بھی مونڈھ رکھے تھے، ملزم نے لڑکی کے نام سےجعلی آئی ڈی بھی بنارکھی تھی جس کے ذریعے وہ مختلف خواتین کے رشتے داروں کو ایڈ کرتا اور ان کی غیر اخلاقی تصاویر شیئر کرتا تھا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹرسائبرکرائم کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے ایف آئی اے سے رابطہ کرنے پر دو روز میں اس کی گرفتاری عمل میں آئی، ملزم کے خلاف سائبر قوانین کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فون اور میموری کارڈ ملا ہے جس میں کئی لڑکیوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بھی ملی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔