آئی جی کی سربراہی میں کچھ افسران ہمارے خلاف سازشیں کررہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 جنوری 2020
جن کو شوق ہے وہ نوکری چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کر لیں، سعید غنی فوٹو:فائل

جن کو شوق ہے وہ نوکری چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کر لیں، سعید غنی فوٹو:فائل

 کراچی: وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام کی سربراہی میں کچھ پولیس افسران صوبائی حکومت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔

کراچی میں آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ میں اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں، ہم تمام الزامات کا سامنا بے خوف وخطر کریں گے اور قانونی طریقے سے ہر سطح پر جائیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ میں نے چنیسر گوٹھ میں منشیات فروشی کی جو نشاندہی کی اس کے بعد دو سال پرانی رپورٹ پیش کر دی گئی، مجھے کوئی اعتراض نہیں میرے خلاف تحقیقات کروا لی جائے، میں بھی بتا سکتا ہوں کہ کون کون منشیات کا استعمال کرتا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پولیس افیسر کو کسی کا حامی یا مخالف نہیں ہونا چاہیے، آئی جی کلیم امام کی سربراہی میں سندھ پولیس میں کچھ افراد سندھ حکومت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، جن کو شوق ہے وہ نوکری چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کر لیں، جو آئی جی کو چلا رہے تھے اب ان کو اپنے لالے پڑ گئے ہیں، یہ چند لوگ ہیں جو ڈرامہ رچا رہے ہیں۔

سندھ پولیس کے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان شیخ نے رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق سعید غنی کا بھائی فرحان غنی منشیات فروشوں اور اجرتی قاتلوں کا سہولت کار ہے اور کراچی کے علاقے چنیسرگوٹھ میں اس کا مضبوط نیٹ ورک ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ بھی جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کرتے اور انہیں اپنے سیاسی و مالی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

سعید غنی نے گزشتہ روز ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں لچا اور تھرڈ کلاس شخص قرار دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔