کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث میاں بیوی گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
گرفتار میاں بیوی کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے، پولیس (فوٹو: ایکسپریس)

گرفتار میاں بیوی کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے، پولیس (فوٹو: ایکسپریس)

 کراچی: پولیس نے اسٹریٹ کرائمزکی وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کوگرفتارکرلیا۔

کراچی کے علاقے نیوکراچی میں خواجہ اجمیرنگری پولیس نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے ضلع وسطی میں چھلاوہ بننے والے میاں بیوی کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ گرفتارمیاں بیوی گزشتہ 3 سالوں سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کررہے تھے ۔ گرفتارملزم مختاراپنی برقعہ پوش بیوی نادیہ کے ساتھ ہونے کی وجہ سے پولیس شک نہیں کرتی تھی۔

گرفتارملزم پستول نکال کرسامان چھینتا اور بیوی اسے بیگ میں ڈال دیتی تھی۔ گرفتار میاں بیوی کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا کہ گرفتار میاں بیوی نے بچوں کے ساتھ جاتی خاتون سے لوٹ مارکی تھی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے خاتون سے سونے کی تمام چیزیں اتروالی تھیں۔ گرفتار میاں بیوی سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اوردوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔

زیادہ وارداتیں نارتھ کراچی میں کیں، ملزم کا بیان

دریں اثنا ملزم مختار نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا ہے کہ اس نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ زیادہ تر وارداتیں سرسید ٹاؤن کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی اور الیون اے سمیت ملحقہ علاقوں میں کیں، وہ دوپہر 12 بجے سے ڈھائی بجے تک اپنا شکار تلاش کرکے لوٹ مار کر کے فرار ہو جاتے تھے۔

ملزم کا کہنا ہے کہ وہ اورنگی ٹاؤن نمبر 14 رحمت چوک کے رہائشی ہیں اور زیادہ تر اسکول سے بچوں کو لانے والی خواتین یا ٹیچر کو نشانہ بناتے تھے جن کے ہاتھ میں طلائی انگوٹھی یا چوڑیاں دیکھتے تھے انھیں موقع پر کر لوٹ لیا کرتے تھے اور اس دوران اگر کوئی خاتون طلائی چین پہنی ہوتی تو وہ بھی چھین لیتے تھے۔

ملزم مختار کا کہنا تھا کہ چھینے جانے والے طلائی زیورات سندھی ہوٹل پر جاوید نامی سنار کو ڈھائی سے 3 ہزار روپے گرام کے حساب سے فروخت کر دیتے تھے اور اسے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چھین کر فروخت کر چکے ہیں جبکہ حیدری میں بھی ایک لاکھ سے 50 ہزار روپے تک کے طلائی زیورات بیوی کی مدد سے فروخت کیے، علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن میں بھی ایک سنار کو انگوٹھی اور بالیاں فروخت کیں، واردات کے دوران اسلحہ بیوی کے پرس میں ہوتا ہے۔

ملزم نے اپنے قبضے سے ملنے والے اسلحے کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ اس نے 12 سال قبل پستول حب چوکی سے منگوایا تھا اور وہ سال 2005ء میں گلبرگ پولیس کے ہاتھوں موبائل فون چھیننے کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان جن سناروں کو چھینے جانے والے طلائی زیورات فروخت کرتے تھے ان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 12 سال قبل بھی ملزم مختارپولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔