کورونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 16 مارچ 2020

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر قوم کو آگاہ کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماعات پر مجوزہ پابندی سے متعلق علماء کرام سے مشاورت پر بھی بریفنگ دی گئی جب کہ معاون خصوصی ظفر مرزا ہر روز شام 5 بجے صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 182 ہوگئی

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ صورتحال سے نمٹ رہے ہیں، خطرے سے آگاہ ہیں مگر ایسے فیصلے نہ کریں جس سے خوف پیدا ہو جب کہ موجودہ صورتحال میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق اور افواہوں سے نمٹنے کے لیے تمام صورتحال سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔