جشنِ آزادی سے روکنے کیلئے ہمارے 100سے زائد کارکن گرفتارکرلیے گئے، خالد مقبول

ویب ڈیسک  اتوار 9 اگست 2020
کنوینئر ایم کیو ایم نے کہا کہ وزیراعظم کو صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔(فوٹو، فائل)

کنوینئر ایم کیو ایم نے کہا کہ وزیراعظم کو صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔(فوٹو، فائل)

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے جشن سے روکنے کیلئے ہمارے سو سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے کارکنان جشن آزادی کی تیاریوں میں مصروف تھے کہ اچانک سندھ حکومت نے سیاسی کارکنوں کی فہرست اپڈیٹ کرنے کے نام پر کارکنان کو تھانے بلوانا شروع کردیا۔ ایم کیوایم پاکستان کے کارکنان کے ساتھ خاتون کارکنان کو بھی تھانے طلب کیا جارہا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام سازشوں اور تحفظات کے باوجود کارکنان کو منتخب قیادت کے ساتھ کارکنان کو تھانے بھیج رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان سے ہم نے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے اداروں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ : مڈل کلاس کی سیاست کرنے والی واحد ایم کیوایم کے خلاف کب تک سازشیں کی جائیں گی؟ ایم کیوایم پاکستان کی اکثریت نے پاکستان کی حرمت کی خاطر تمام چیزیں پیچھے چھوڑ دی۔: ایم کیوایم کے کارکنان نے عید اور بارشوں کے موقع پر اہل کراچی کی دن رات خدمت کی ہے۔ پانچ اگست کو کشمیر کی عوام کے ساتھ ایم کیوایم پاکستان نے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے اور  ایم کیوایم بھرپور طریقے سے یوم آزادی کا جشن منائے گی۔

اس موقعے پر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ کے سامنے تمام تفصیلات رکھ دی ہیں کہ عام کارکنان کو پریشان نہ کیا جائے۔آپ میئر کراچی کو تھانے میں  بٹھالیں پر کارکنان کو چھوڑ دیں، ہمیں جشن آزادی منانا ہے۔کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا کہ معصوم عوام کے گھروں پر اچانک چھاپہ مارکر پریشان کیا جائے۔ چودہ اگست کے دن تھریٹ کے نام پر ہمارے کارکنان کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔