پولیس گردی کا ایک اور واقعہ، سادہ لباس اہلکاروں کی ڈاکٹر کی گاڑی پر فائرنگ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 اپريل 2021
کچھ ہی دیر پہلے علاقے میں ایک ڈکیتی ہوئی تھی جس کی وجہ سے پولیس الرٹ تھی، پولیس حکام۔ فوٹو: فائل

کچھ ہی دیر پہلے علاقے میں ایک ڈکیتی ہوئی تھی جس کی وجہ سے پولیس الرٹ تھی، پولیس حکام۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں سادہ لباس اہلکاروں نے ڈاکٹرکی گاڑی پرفائرنگ کردی۔

پولیس گردی کاایک اور واقعہ پیش آگیا جب کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں سادہ لباس اہلکاروں نے ڈاکٹرکی گاڑی پرفائرنگ کردی تاہم ڈاکٹرخوش قسمتی سے محفوظ رہا۔

متاثرہ ڈاکٹر نے دعویٰ کیاکہ پولیس ہیلپ لائن ون فائیوکوکال کی تو موبائل آدھے گھنٹے بعد پہنچی، سول اسپتال کے کارڈیک وارڈ میں تعینات ڈاکٹر فیاض نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جمعہ کو وہ اپنے گھر سے گاڑی میں نکلے جب وہ اقبال مارکیٹ تھانے سے تھوڑے فاصلے پرپہنچے توانھوں نے دیکھا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس مسلح افراد راہگیروں کی تلاشی لے رہے ہیں جس پر انھیں گمان ہوا کہ مسلح افراد ڈاکو ہیں، انھوں فوری طور پر اپنی گاڑی وہاں سے بھگادی لیکن اسی دوران ان پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میںان کی گاڑی کے ٹائر پھٹ گئے اور ان کی گاڑی ایک دیوار سے ٹکراگئی اسی اثنا میں مسلح افراد نے ان کی گاڑی کوگھیرے میں لے لیا۔

اس صورتحال پر وہ گھبراگئے لیکن مسلح افراد نے بتایا کہ وہ پولیس اہلکار ہیں ، کچھ ہی دیر میں جب اوسان بحال ہوئے تو انھوں نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کردی ، کال کرنے کے آدھے گھنٹے بعد باوردی اہلکار پولیس موبائل میں پہنچے اور ڈاکٹر فیاض نے انھیں ساری صورتحال سے آگاہ کیا لیکن ون فائیو کی پولیس موبائل نے کچھ نہیں کیا اور تمام افراد آپس میں بات چیت کرتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا، کچھ ہی دیر پہلے علاقے میں ایک ڈکیتی ہوئی تھی جس کی وجہ سے پولیس الرٹ تھی۔۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔