اولڈ ایج ہومز میں مقیم بزرگ شہری ویکسی نیشن سے محروم

آصف محمود  پير 12 اپريل 2021
سرکاری اور غیرسرکاری اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں کی ویکسی نیشن نہیں کی جاسکی فوٹو: فائل

سرکاری اور غیرسرکاری اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں کی ویکسی نیشن نہیں کی جاسکی فوٹو: فائل

 لاہور: حکومت کی طرف سے 50 سال سے زائدعمرکے شہریوں کی کورونا ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن جاری ہے لیکن شہرکے سرکاری اور غیرسرکاری اولڈایج ہومز میں مقیم بزرگوں کو ابھی تک ویکسی نیشن نہیں کی جاسکی ہے۔ لاہور کے نجی اولڈایج ہومزانتظامیہ نے اپنے طورپر بزرگوں کی ویکسی نیشن کےلئے رجسٹریشن کرواناشروع کردی ہے۔

فیروز پور روڈپرواقع ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بنائے گئے اولڈایج ہوم میں اس وقت 11 بزرگ شہری مقیم ہیں ان سب کی عمریں پچاس سال سے زیادہ ہیں تاہم ان کوابھی تک کوروناویکسی نیشن نہیں کی جاسکی ہے۔ ہیون نامی اولڈایج ہوم کے منتظم اعلی ڈاکٹر جمیل نے بتایا کہ کہ حکومت نے اولڈایج ہومزمیں مقیم بے سہارا بزرگ شہریوں کی ویکسی نیشن کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا اورنہ ہی کسی حکومتی ٹیم نے رابطہ کیا ہے تاہم انہوں نے اپنے طورپر ان بزرگوں کی ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن کروائی ہے جو شیڈول میں ہے۔

اسی طرح گرین ٹاؤن لاہورمیں سرکاری اورغیرسرکاری اولڈایج ہوم موجود ہیں وہاں مقیم بزرگوں کی ابھی تک ویکسی نیشن نہیں کی جاسکی ہے۔ بھٹہ چوک لاہورکے قریب بنائے گئے اولڈایج ہوم کی انتظامیہ بھی ذاتی طورپر اولڈایج ہوم میں مقیم بزرگوں کی ویکسی نیشن کے لئے کوشش کررہی ہے۔

اولڈایج ہومزکے منتظمن نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ یہاں وہ بزرگ شہری مقیم ہیں جنہیں ان کے اپنوں نے بھی ٹھکرادیا ہے یہ لوگ بے یارومددگار یہاں مقیم ہیں اورزندگی کے دن گزاررہے ہیں۔ حکومت ایسی ٹیم تشکیل دے جوان بزرگ شہریوں کو اولڈایج ہوم میں جاکرویکسی نیشن کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔