سی ٹی ڈی کی کراچی میں کارروائی، کالعدم سپاہ محمد کا دہشت گرد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 20 اکتوبر 2021
دہشت گرد کے قبضے سے ٹی ٹی پستول ، 4 گولیاں اورلوڈ میگزین برآمد کرلیے فوٹو:فائل

دہشت گرد کے قبضے سے ٹی ٹی پستول ، 4 گولیاں اورلوڈ میگزین برآمد کرلیے فوٹو:فائل

 کراچی: سی ٹی ڈی نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر واقع رشید صابری پارک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کوگرفتارکرکےان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے مبینہ دہشت گرد سید مظہرعلی نقدی ولد سید ناصرحسین نقوی کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول ، 4 گولیاں اورلوڈ میگزین برآمد کرلیے ۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم واردات کے نیت سے جا رہا تھا، اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر مخالف تنظیم کےافراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کاانکشاف کیا ہے، اس کے دوساتھی پہلے ہی گرفتارہوچکے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم اوراس کے ساتھیوں نے گلبرگ کےعلاقےمیں مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے اعجازنامی شخص کوقتل کیا، جس کا گلبرگ تھانے میں مقدمہ الزام نمبر94/326 بجرم دفعہ 34/302 درج ہے۔

گرفتارملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکرانچولی کے علاقے میں فائرنگ کی جس میں ایک شخص ہلاک اوردوافراد زخمی ہوئے تھے ۔ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر95/110 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت گلبرگ میں درج ہے ۔ گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد ملتان فرارہوگیا تھا اوروقفے وقفے سے کراچی آتاجاتا تھا اور اب دوبارہ دہشت گردی کے لیے لڑکوں کومنظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔