متحدہ اپوزیشن کا پارلیمنٹ میں منظور کردہ قوانین کو چیلنج کرنے کا اعلان

حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام روایات کو پیروں تلے روند دیا، شہباز شریف


ویب ڈیسک November 17, 2021
دھاندلی کے ذریعے بل پاس کیے گئے، مولانا اسعد محمود فوٹو: فائل

متحدہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں منظور کردہ قوانین کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر بلاول بھٹو زرداری اور مولانا اسعد محمود کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حکومت نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام روایت کو پیروں تلے روند دیا، ہم نے کہا کہ قواعد پر عمل کیا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ہماری ایک بات بھی نہیں مانی، میں ، بلاول بھٹو اور اسعد محمود نے اسپیکر کو بہت سمجھانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے بات نہیں مانی، اجلاس میں ہماری تعداد 200 سے اوپر تھی، حکومتی لوگوں کے ووٹ زیادہ گنے گئے۔ اسپیکر سے بار بار درست ووٹنگ کرانے کا کہا، ای وی ایم کو ایول ورچوئل مشین کہتا ہوں، ای وی ایم ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، الیکشن ترمیمی بل سمیت دیگر بلوں کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے مشترکہ اجلاس کے اپنے قواعد ہوتے ہیں، مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جیت نہیں ہوئی ، حکومت کو شکست ہوئی ہے، جوائنٹ سیشن میں قانون سازی کے لئے 222 حکومتی اراکین کا ہونا ضروری ہے، حکومت کے نمبرز پورے نہیں تھے۔

جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے بل پاس کیے گئے، تمام قانون سازی جبراً کی گئی، حکومت کا کوئی اتحادی ان کے حق میں کھڑا نہیں ہوا،ایسے ماحول میں کیسے توقع کر سکتے ہیں کہ عام انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں