میڈیکل کالج کی پارٹی سے بڑے پیمانے پر کورونا پھیل گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 26 نومبر 2021
وائرس سے متاثرہ بیشتر افراد کو کورونا ویکسین کی 2 ڈوز لگ چکی ہیں، بھارتی میڈیا

وائرس سے متاثرہ بیشتر افراد کو کورونا ویکسین کی 2 ڈوز لگ چکی ہیں، بھارتی میڈیا

کرناٹکا: بھارتی ریاست کرناٹکا کے کالج میں ویلکم پارٹی کے باعث کورونا وائرس بڑے پیمانے پر پھیل گیا۔

بھارتی ریاست کرناٹکا میں میڈیکل کالج کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بن گیا ہے، رپورٹس کے مطابق کالج میں نئے آنے والے طلبا کے لیے پارٹی منعقد کی گئی تھی جس کے بعد صرف ایک دن میں وائرس کیسز کی تعداد 66 سے 182 تک پہنچ گئی۔

کالج انتظامیہ کے مطابق پارٹی سے ایک روز قبل 66 طلبا میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی تاہم اگلے روز 300 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 182 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، جن افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ان میں زیادہ تر افراد ویکسینیٹڈ تھے۔

ریاستی کمشنر برائے صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں جس کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ آیا ان میں کورونا کی نئی اقسام موجود ہے یا نہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق تشویشناک بات یہ ہے کہ تمام افراد کو کورونا وائرس ویکسین کی 2 ڈوز لگ چکی تھیں، اور اس کے باوجود وائرس کا لگنا خطرناک بات ہے، متاثرہ افراد کو قرنطینہ کردیا گیا ہے جب کہ مزید 1000 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں جن کے نتائج کا انتظار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔