مدینے میں مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی، 4 جاں بحق اور 48 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 26 نومبر 2021
بس میں 45 مسافر سوار تھے، فوٹو : فائل

بس میں 45 مسافر سوار تھے، فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب کے صوبے مدینہ میں مسافر بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے صوبے مدینہ کی الحجرہ ہائی وے پر ایک مسافر بس سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی۔

تصادم اتنا خوفناک تھا کہ مسافر بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں 4 افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 زخمیوں کی حالت نازک ہیں جنھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ 12 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ حادثے کی وجہ سے ہائی وے پر ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔