مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی ہے

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 دسمبر 2021
گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے

گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔

گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا جہاں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے، ملکی ترقی، امن ،سلامتی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا، انہوں نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلیٰ اقدار کی بھی تبلیغ کی، حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا، ہم ، بحیثیت مسلمان ، اللہ تعالی ٰکے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے حضرت عیسٰی علیہ السلام کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ، بلا لحاظ ِمذہب، ذات پات اور نسل ، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

یاد رہے مسیحی برادری حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت ( 25دسمبر ) پر کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔