سوشل میڈیا نے بھارت سے کراچی آنے والی خاتون کو 40 سال بعد خاندان سے ملوا دیا

ویب ڈیسک  اتوار 26 دسمبر 2021
منی کو ان کے رشتے دار نے نئی دہلی میں فروخت کردیا تھا، فوٹو: ویڈیو گریب

منی کو ان کے رشتے دار نے نئی دہلی میں فروخت کردیا تھا، فوٹو: ویڈیو گریب

 کراچی: کم سنی میں بھارت سے فروخت ہوکر کراچی پہنچنے والی خاتون منی کا 40 سال کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے اہل خانہ سے رابطہ ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کراچی کی رہائشی منی نامی ایک خاتون کو بھارت میں اپنے آبائی شہر مراد آباد اور ان کے رہائیشوں کی نشانیاں بتاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ کم سنی میں میرے ایک رشتے دار نے نئی دہلی لے جاکر ایک شخص کے ہاتھوں فروخت کردیا تھا جو مجھے کراچی لے لایا۔ 40 سال ہوگئے میرا گھر والوں سے رابطہ نہیں ہوا۔

یہ ویڈیو بھارت میں مقیم منی کے بھائی نے دیکھ لی جس کے بعد دونوں کا واٹس ایپ پر رابطہ ہوا۔ اس طرح 40 سال بعد منی کا اپنے خاندان سے رابطہ ہوگیا۔

منی نے بتایا کہ کراچی میں مجھے جس شخص نے اغوا کار کے چنگل سے بچایا اب وہ میرے شوہر ہیں۔ میں نے اپنا نام بشریٰ رکھا اور میرے 4 بچے ہیں جن کے ساتھ میں بہت خوش ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔