اومیکرون ویرینٹ؛ سندھ میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جنوری 2022
مارکیٹس میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ ۔  فوٹو:فائل

مارکیٹس میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ ۔ فوٹو:فائل

کراچی: صوبائی ٹاسک فورس نے سندھ میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے میں اسکول کھلے رہیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی، عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جو سرکاری افسر ماسک نہیں پہنے گا اسکو جرمانہ کیا جائے گا، جرمانے میں ایک دن کی تنخواہ کی کٹوتی کرنے کی تجویز ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تمام شادی ہالز، مارکیٹس، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، شادی کی تقریبات میں کھانا باکس میں دینے کی ہدایت کی گئی ہے، مارکیٹس میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی، انتظامیہ کو ویکسینیشن کارڈ کا رکارڈ چیک کرنا لازمی ہوگا، تمام  سرکاری و نجی اسپتالوں کا سروے کیا جائے گا، جس میں اسپتالوں کی گنجائش کا جائزہ لیا جائے گا، اسپتالوں میں کتنی گنجائش ہے اور مزید کتنی ضرورت ہے بتایا جائے۔

ترجمان کے مطابق حکومت کی ویکسینیشن مہم پورے صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا، کورونا کیسز میں اضافہ احتیاتی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو اس جاری کورونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بلند ترین شرح کراچی میں ریکارڈ ہوئی ہے۔ 24 گھنٹے میں کراچی میں کورونا کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔