پی آئی اے کی ٹورنٹو پرواز پر تعینات فضائی میزبان ہوٹل سے غائب ہوگیا

اسٹاف رپورٹر  پير 24 جنوری 2022
فضائی میزبان کے غائب ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر نہ پہنچنے سے ہوا، ترجمان پی آئی اے۔ فوٹو:ایکسپریس

فضائی میزبان کے غائب ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر نہ پہنچنے سے ہوا، ترجمان پی آئی اے۔ فوٹو:ایکسپریس

 اسلام آباد: ٹورنٹو پرواز پر تعینات وقار احمد جدون نامی فلائٹ اسٹیورڈ ہوٹل سےغائب ہوگیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی ٹورنٹو پرواز پر تعینات فضائی میزبان ٹورنٹو کے ہوٹل سےغائب ہو گیا ہے،  وقار احمد جدون نامی فلائٹ اسٹیورڈ اسلام آباد سے پرواز پی کے 781 سے ٹورنٹو پہنچا تھا اور  دیگر عملے کے ساتھ ہوٹل میں رہائش پزیر تھا، اور اس کے غائب ہونے کا علم واپسی کی پرواز پر نہ پہنچنے سے ہوا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق وقار جدون کو 23 جنوری کی ٹورنٹو سے اسلام آباد کی پرواز پر بطور فلائٹ اسٹیورڈ ڈیوٹی انجام دینا تھی، تاہم وہ ہوٹل سے ہی غائب ہوگیا، اورلاپتہ فضائی میزبان مبینہ طور پر امیگریشن حصول کی غرض سے غائب ہوا ہے، اس سے قبل بھی پی آئی اے فضائی عملے کے ارکان ٹورنٹو پہنچ کر امیگریشن کے لئے ہوٹل سے غائب ہو چکے ہیں۔

ترجمان قومی ایئرلائن نے بتایا کہ فضائی میزبان وقار کی عدم موجودگی کے بارے میں ائرلائن ہیڈ آفس حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے، اور ٹو رنٹو میں پی آئی اے حکام نے وقار جدون کی گمشدگی کے حوالے سے مقامی حکام کو بھی اطلاع دے دی ہے، پولیس رپورٹ کے بعد وقار جدون کے خلاف انضباطی کاروائی کا آغاز کردیا جائے گا، کارروائی میں وقار جدون کے واجبات ضبطگی کے ساتھ ملازمت بھی برخاست کیا جا سکتا ہے، اس کے گھر والوں سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔