ابوظہبی کے ولی عہد کا وزیراعظم کو فون، لاہور دہشتگرد حملے کی مذمت

ویب ڈیسک  پير 24 جنوری 2022
ابوظہبی کے ولی عہد نے متاثرین کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا:فوٹو:فائل

ابوظہبی کے ولی عہد نے متاثرین کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا:فوٹو:فائل

اسلام آباد: ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان کوفون کرکے لاہورمیں دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان کوفون میں لاہورمیں 20 جنوری کو ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کی۔

شیخ محمد بن زید نے متاثرین کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے پاکستان کی قیادت، حکومت اورعوام کے ساتھ اظہاریکجہتی بھی کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے تعزیت اورحمایت پرابوظہبی کے ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملوں کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان متواتراورخوشگواربات چیت برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔انہوں نے نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے، علاقائی اورعالمی امورپرقریبی روابط جاری رکھنے کی خواہش کا اظہاربھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔