اہلخانہ کی اجازت پرسماجی کارکن صبا کی قبر کشائی اہم پیش رفت کا امکان

نیوی کراچی میں صبا کے زیر حراست مبینہ قاتل کے خلاف قانونی کارروائی میں قانونی تقاضہ پورے ہوں گے، پولیس


ویب ڈیسک January 30, 2022
واضح رہے کہ پولیس نے قتل کے مبینہ ملزم غضنفر کو گرفتار کیا تھا—فائل فوٹو

نیو کراچی کے علاقے میں قتل کی گئی سماجی کارکن صبا کی قبر کشائی کردی گئی جس کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ زیر حراست مبینہ قاتل کے خلاف قانونی کارروائی میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیو کراچی کے علاقے بلال کالونی میں 27 سالہ صبا کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا گیا تھا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا لیکن مقتولہ کے اہلخانہ نے صبا کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ مقتولہ کا پوسٹ مارٹم نہ کرانے کی صورت میں ملزم کو فائدہ پہنچے گا اور وہ قانونی گرفت سے بچ سکتا ہے۔

مزیدپڑھیں: کراچی میں قتل لڑکی کے لواحقین کا مقدمہ درج کرانے سے انکار

تفتیشی افسر (آئی او) عارف شاہ نے بتایا کہ وقوعہ کے روز ورثا مشتعل تھے اور پوسٹ مارٹم نہیں کرایا تھا جس کا فائدہ گرفتار ملزم کو پہنچ رہا تھا جس کے بعد تفتیشی حکام نے بات چیت کے بعد ورثا کو راضی کرلیا اور عدالتی حکم کے بعد قبر کشائی کی گئی۔

واضح رہے کہ پولیس نے قتل کے مبینہ ملزم غضنفر کو گرفتار کیا تھا جس کا صبا سے چند روز قبل علاقے میں کچرا پھینکنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا اور مشتبہ ملزم کو صبا کا سوشل ورک بھی پسند نہیں تھا۔

تفتیشی افسرعارف شاہ نے مقتولہ کے اہل خانہ کی آمادگی کے بعد اور پولیس نے قبر کشائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا، عدالت سے حکم نامہ ملنے اور میڈیکل بورڈ کی تشکیل کے بعد قبر کشائی کی گئی ، اب کچھ روز بعد پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہوجائے گی جس کے بعد قانونی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں