شاہد خاقان کا وزیراعظم پر پی ٹی آئی کیلیے سرکاری عہدہ استعمال کرنے کا الزام

عدالت عظمیٰ وزیراعظم کے اس اقدام کا نوٹس لے، لیگی راہنما کا مطالبہ


ویب ڈیسک March 24, 2022
وزیراعظم کے ویڈیو پیغام پر شاہد خاقان عباسی کا ردعمل۔ فائل : فوٹو

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر راہنما شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم عمران خان پر سیاسی پارٹی کے لیے سرکاری عہدہ استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

وزیراعظم کے ویڈیو پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان اپنی جماعت کی سیاسی سرگرمیوں کے لیے سرکاری عہدہ اور وسائل استعمال کر رہے ہیں، 27 مارچ کے جلسے کے لیے وزیراعظم کے عہدے اور سرکاری وسائل کا ناجائز استعمال سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ وزیراعظم کے آئینی منصب کے اپنے ذاتی، سیاسی اور جماعتی مقاصد کے لیے استعمال کا نوٹس لے۔

لیگی راہنما نے کہا کہ عمران خان عوام کے پیسے پر اپنی سیاسی مہم چلا رہے ہیں، سرکاری وسائل کو ذاتی تشہیر اور جلسے کے اعلانات کے لیے استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون کو روند کر اقتدار نہیں بچا کرتے اور اکثریت کھو دینے والا وزیراعظم کی کرسی پر نہیں بیٹھ سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں