فرح خان کے لیے انٹرپول کی سہولیات موجود ہیں، مریم نواز

ویب ڈیسک  بدھ 6 اپريل 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ فرح خان ویسے تو کچھ نہیں البتہ بنی گالہ کی فرنٹ پرسن تھیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عثمان بزدار پنجاب کے وزیراعلیٰ نہیں تھے بلکہ فرح خان اصل چیف منسٹر تھی جس کی اجازت اور رضامندی کے بعد ہی ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فرح خان بنی گالہ کی فرنٹ پرسن تھی، جس نے ٹرانسفر پوسٹنگ کے لیے رشوت حاصل کی، ایک ایس ایچ او بھی اپنی تقرری کے لیے پیسے دینے پر مجبور تھا۔ مریم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی بھی سرکاری افسر کی تقرری یا تو جادو ٹونے سے ہوتی یا فرح خان کو رشوت ادا کر کے ہوتی تھی۔

مزید پڑھیں: کرپشن کیسز کھلنے اور گرفتاری کے خوف سے عمران خان نے اسمبلی تحلیل کی، مریم نواز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار نے فرح کے گاؤں کی سڑکیں بنوائیں، وہ اگر بچ کر پاکستان سے نکل گئی تو کوئی بات نہیں، اُس کے خلاف جب ثبوت سامنے آئیں گے تو انٹرپول جیسی سہولیات موجود ہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ فرح کے خاندان والے کہتے ہیں کہ انہیں خاتون کے کاموں کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا، ایسا ممکن نہیں کہ ایک خاتون اتنی اثرو رسوخ والی ہو اور گھر والے اُس کے بارے میں نہ جانتے ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔