آسٹریلیا سے سیریز میں سلیکشن مسائل کی نشاندہی

آؤٹ آف فارم کرکٹرز کو آرام نہیں کرایا گیا،نسیم کو جلد ڈراپ کردیا،عمرگل


Saleem Khaliq April 08, 2022
دھانی کوموقع ملنا چاہیے تھا،شاہین کا بوجھ کم کرنے کیلیے دیگربولرزکو تیارکرنا ہوگا ۔ فوٹو : فائل

عمرگل نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں سلیکشن مسائل کی نشاندہی کردی۔

سابق پیسر کا کہنا ہے کہ آؤٹ آف فارم کرکٹرز کو آرام نہیں کرایا گیا، نسیم شاہ کو پہلے ٹیسٹ کے بعد ڈراپ کردیا،ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہنواز دھانی کو موقع ملنا چاہیے تھا، شاہین شاہ آفریدی کا بوجھ کم کرنے کیلیے بینچ پر موجود بولرز کو تیار کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویومیں عمرگل نے کہاکہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ہوم گراؤنڈ کا فائدہ نہیں اٹھاسکا،اپنی کنڈیشنز میں اسپنرز کو وکٹیں لینے کی ضرورت تھی مگر فلیٹ پچز بن گئیں،ون ڈے میں گرین شرٹس نے غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اچھا کم بیک کیا۔

دوسرے میچ میں امام الحق،فخرزمان اور بابر اعظم نے اچھا رن ریٹ برقرار رکھا،تیسرے میں کارکردگی مزید بہتر ہوئی مگر ٹی ٹوئنٹی میچ ہارگئے،انھوں نے کہا کہ پوری سیریز کے دوران سلیکشن میں مسائل دیکھنے میں آئے،بینچ پر اچھے متبادل موجود تھے مگر آؤٹ آف فارم کرکٹرز کو آرام نہیں کرایا گیا،حسن علی نے ماضی میں میچز جتوائے ہیں مگر پی ایس ایل میں انجری کے فوری بعد ان کو میدان میں اتارا گیا،بولر ردھم میں نہ ہو تو فارم کا مسئلہ ہوجاتا ہے، اس صورتحال میں دیگر کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے۔

سابق پیسر نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں نسیم شاہ نے اچھی بولنگ کی مگر ان کو ڈراپ کردیا گیا،پھر وہ تیسرے میچ میں کھیلے تو اچھا پرفارم کیا،حسن علی کو باہر کیا مگر ٹی ٹوئنٹی میں کھلا دیا حالانکہ شاہنواز دھانی بھی موجود تھے،سعود شکیل پہلے ون ڈے میں اسکور نہیں کرسکے، دوسرے میں بیٹنگ آرڈر تبدیل ہوا، تیسرے سے باہر کردیا۔

اگر نوجوانوں کو مستقبل کیلیے تیار کرنا ہے تو سلیکشن پالیسی میں تسلسل ہونا چاہیے۔شاہین شاہ آفریدی پر کام کا بوجھ زیادہ ہونے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ پیسر پہلا ون ڈے نہیں کھیلے،اس وجہ سے ٹیم کی بولنگ کمزور ہوگئی،دوسرے میچ میں انھوں نے 4وکٹیں لیں،اس سے ظاہر ہوا کہ شاہین کی غیر موجودگی سے فرق پڑتا ہے،بینچ پاور کو مواقع دے کر تیار کیا جائے تو شاہین شاہ آفریدی کو بھی آرام کا موقع دیا جاسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں