بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ فلم لال سنگھ چڈا کی باکس آفس پر ناکامی نے سپر اسٹار عامر خان کو گہرا صدمہ پہنچایا۔
کرینہ نے یہ بات دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا کی راؤنڈ ٹیبل گفتگو میں کہی، جس میں ان کے ساتھ وکی کوشل، شبانہ اعظمی، راجکمار راؤ اور ملیالم اداکارہ انا بین بھی موجود تھیں۔
کرینہ نے عامر خان کی مایوسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلم کی ناکامی سے کافی دل شکستہ اور افسردہ تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک موقع پر عامر خان نے مزاحیہ انداز میں کہا: "ہماری پکچر تو نہیں چلی، لیکن تم مجھ سے بات تو کروگی؟"
فلم کی ناکامی کے باوجود، کرینہ نے عامر خان اور ہدایتکار ادویت چندن کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں فلم میں روپا کے کردار کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کردار ان کے کیریئر کے لیے بہت اہم ثابت ہوا اور انہوں نے عامر خان کو یقین دلایا کہ وہ ایک لیجنڈ ہیں اور فلم میں کام کرنا اداکارہ کے لیے اعزاز تھا۔
یاد رہے کہ لال سنگھ چڈا، جو کہ ہالی ووڈ فلم فارسٹ گمپ کا ری میک ہے، باکس آفس پر خاص کامیابی حاصل نہ کر سکی تھی لیکن ناقدین کی جانب سے اس کی کارکردگی کو سراہا گیا تھا۔