پاکستان سے شرمناک شکست پر بھارتی بورڈ کا ٹوئٹ؛ جون ایلیا کا مصرع بطور طنز وائرل

جون ایلیا کا قطع کا ایک مصرع ’تم مرا نام کیوں نہیں لیتیں‘ وائرل ہوگیا


ویب ڈیسک December 22, 2025
بھارتی بورڈ نے ٹوئٹ میں پاکستان سے شکست کا نام نہیں لیا

بھارتی کرکٹ بورڈ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اپنے ہی اندازِ بیان کی وجہ سے مذاق اور تنقید کی زد میں آ گیا۔ جھینپ مٹانے کی یہ کوشش بھی ناکام رہی۔

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں 191 رنز سے عبرت ناک شکست کے بعد بھارتی بورڈ نے ایسی ٹوئٹ کی جس میں ہارنے کا ذکر تو تھا مگر جیتنے والی ٹیم کا نام غائب تھا۔

الفاظ کی کنجوسی سے بھرپور اس مختصر ٹوئٹ میں صرف یہ لکھا تھا کہ بھارت کو انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں 191 رنز سے شکست ہو گئی۔

اس ٹوئٹ میں نہ پاکستان کا نام لیا گیا اور نہ ہی حریف ٹیم کا کوئی حوالہ دیا گیا تھا۔ جس سے صاف جھلکتا ہے کہ وہ پاکستان کا نام نہیں لینا چاہتے تھے کیوں اس سے زخم اور تازہ جو ہوجاتا۔

سوشل میڈیا صارفین بھی بھارتی بورڈ کی اس شرم ، دہشت، جھجھک اور پریشانی کو بھانپ گئے اور پھر میمز کا طوفان اُمڈ آیا۔

سب سے زیادہ میمز میں اردو کی جدید شاعری کے نامور شاعر جون ایلیا کے ایک قطعہ کو استعمال کیا گیا جب کہ کچھ نے شاعر کی زبانی ہی ویڈیو میں یہ قطعہ ڈال دیا۔

قطعہ پڑھیے کیا حسب حال واقع ہوا ہے..

شرم دہشت جھجھک پریشانی
ناز سے کام کیوں نہیں لیتیں

آپ وہ جی مگر یہ سب کیا ہے
تم مرا نام کیوں نہیں لیتیں

یہ معاملہ عام سوشل میڈیا صارفین تک نہ رہا بلکہ صحافی اور نامور شخصیات بھی بھارتی بورڈ کی اس حرکت پر حیران و پریشان نظر آئے۔

بھارتی بورڈ کے ٹوئٹ پر جون ایلیا کا مصرعہ وائرل

 

مقبول خبریں